أخبار جهان تعم-سثح-2011 - دو ماهي ترجمان السنة

Latest

تعداد زائرين

BANNER 728X90

Sunday, September 23, 2012

أخبار جهان تعم-سثح-2011

عبد الصبور عبد النور الندوی
أخبار جهان
مسجد حرام میں مصری معتمر نے امام حرم کا مائک چھین لیا
اور کہا’’ میں مہدی منتظر ہوں‘‘
۱۲؍ اپریل کو امام حرم مکی عصر کی نماز پڑھانے کے لئے جوں ہی اللہ اکبر کہا تھا، پیچھے کھڑے ایک مصری معتمر (عمر 35) نے آنا فانا امام حرم کے مائک پر قبضہ جما لیا اور اعلان کیا’’میں مہدی منتظر ہوں،،،میں مہدی منتظر ہوں‘‘ اتنا کہتے ہی حرم کی پولیس نے اسے دبوچ لیا، اور خاموشی کے ساتھ محکمۂ تفتیش کے حوالے کردیا، پولیس کے مطابق معتمر کا ذہنی توازن صحیح نہیں ہے، اس کا علاج کیا جارہا ہے۔
دنیا کی بلند ترین چوٹی کی صفائی مہم میں آٹھ ٹن کوڑا برآمد
کاٹھ مانڈو: یکم جون سے ۳ جون تک ۲۹؍ افراد پر مشتمل مقامی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ایورسٹ کی صفائی مہم میں آٹھ ٹن کوڑا اکٹھا کیا اور اسے نیچے اتارا، جسے بعد میں ۶۵؍ قلیوں نے نامچے بازار(ایورسٹ کا نواحی شہر) پہنچایا۔ ٹیم کی خاتون لیڈر پسانگ شیرپا نے میڈیا کو بتایا کہ ہماری ٹیم نے بڑی جانفشانی کے ساتھ 8110 کلو کوڑا اکٹھا کیا، جنہیں کوہ پیماؤں نے اپریل اور مئی میں ایورسٹ سر کرتے وقت چھوڑا تھا۔ یاد رہے گلوبل وارمنگ کے چلتے ۲۰۰۸ء سے یہ صفائی مہم چلائی جا رہی ہے۔۱۹۵۳ء سے اب تک پانچ ہزار سے زائد لوگوں نے ایورسٹ سر کیا ہے، جبکہ برفانی طوفان میں ۲۵۵؍ کوہ پیما اپنی جان گنوا چکے ہیں۔اس چوٹی کی اونچائی 8848 میٹر ہے۔
سعودی عرب میں خواتین کو حق رائے دہی (ووٹنگ) کی اجازت
مؤرخہ ۳؍ جون کو مجلس شوریٰ کے ایک اہم اجلاس میں خواتین ووٹنگ بل پر بحث ہوئی اور ۳۷ کے مقابلے ۸۱ ممبران کی ووٹنگ نے سعودی خواتین کو بلدیاتی انتخابات میں رائے دہی کے استعمال کی راہ ہموار کردی۔ووٹنگ کا حق پانے کے بعد خواتین کی ایک تنظیم نے ڈرائیونگ کی جلد اجازت دئے جانے کی امید ظاہر کی ہے۔
طرابلس پر ناٹومیزائیلوں کی تباہ کن بارش، چہار سُو لاشیں
گزشتہ تین ماہ سے جاری گھمسان کی جنگ میں لیبیا کے پرخچے اڑ رہے ہیں، کرنل معمر قذافی کی ہٹ دھرمی نے جہاں باغیوں کا ایک ٹولہ کھڑا کردیا، وہیں ناٹو کو حملہ کرنے کا موقع فراہم کردیا، ناٹو نے جون کے مہینے میں ہوائی حملوں میں تیزی کردی ہے، وہیں قبائلی لیڈروں نے قذافی کی حمایت میں لڑنے کاعہد کیا ہے، جس سے صورت حال ابتر ہونے کا خدشہ ہے۔ تاریخی شہر طرابلس لہو لہان ہے، بے شمار خوں چکاں واقعات کا عینی شاہد بن چکاہے، دس ہزار سے زائد افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں، پورا شہر کھنڈر میں تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے، گلی کوچے لاشوں سے اٹے ہوئے ہیں،مجاہدین کی سرزمین لیبیا اب چیل اور گدھوں کو دعوت دے چکی ہے، ظالم حکمرانوں کے لئے تازیانۂ عبرت ہے لیبیا کا خونچکاں پیش منظر۔
شام (سیریا) میں حکومتی فورسیز کے ذریعے قرآن کریم و مساجد کی بے حرمتی
اپریل کے اواخر میں شام کے مشہور شہر درعا میں مبینہ باغیوں کی مسجدوں میں موجودگی پر بے دین حکومتی اہلکاروں نے ان پر بے دریغ بمباری کی، جس سے سو سے زائد مصلیان جاں بحق ہوگئے،قرآن کے سیکڑوں نسخے جل کر راکھ ہوگئے۔ 
اگر امریکہ کا کوئی پاگل شخص قرآن نذر آتش کرنے کا اعلان کرتا ہے تو پورا عالم اسلام بیک آواز اس کی مذمت کرتا ہے،مظاہرے کرتا ہے، لیکن یہی کام جب نام نہاد اسلامی ملک شام کے سیکورٹی دستے کرتے ہیں تو خاموشی چھا جاتی ہے گویا کہ کوئی جرم نہیں ہوا، آخر ایسا کیوں؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟ 
یمنی صدر علی عبد اللہ صالح زخمی ہو کر سعودی عرب پہنچے
شورش زدہ یمن میں انقلابیوں نے حملے کر کے صدر یمن علی عبد اللہ صالح کو شدید زخمی کردیا، رپورٹوں کے مطابق صدر نے جب ریفرنڈم پر دستخط نہیں کئے، جس میں انہیں عہدہ سے مستعفی ہونا تھا، انقلابیوں نے ان پر حملے تیز کر دئے،اور خبر ہے کہ چوتھائی جسم جھلس چکا ہے، یمنی صدر کی وطن واپسی کی راہ بھی مشکل ہوگئی ہے۔
میلانو کے مسلمانوں نے پادریوں کی سب سے بڑی تنظیم کا شکریہ ادا کیا
اٹلی کے معروف شہرمیلانو میں مسلمانوں کے پاس کوئی مستقل مسجد نہیں تھی، انہوں نے حکومت کو درخواست دے رکھی تھی، لیکن متعصب عیسائیوں کے مظاہروں نے مسجد کے قیام کی منظوری نہیں دی تھی، لیکن جیسے ہی پادریوں کی کونسل کے سربراہ انجلیو بانسکو نے اس مسئلہ میں مداخلت کی اور کہا کہ مسلمانوں کا حق ہے کہ انہیں مسجد تعمیر کرنے کی اجازت دی جائے، حکومت نے فورا اجازت دے دی، جس سے میلانو کے مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔میلانو میں تنظیم اتحاد اسلامی نے چرچ کونسل کے اس اقدام پر شکر و سپاس پیش کیا ہے۔
القدس میں یہودی حکومت کا داؤد ٹاور بنانے کا اعلان
مسجد اقصیٰ کے گرد و نواح کو یہودیانے کی سازشیں اور کوششیں بام عروج پر ہیں، اسرائیلی حکومت نے جہاں تمام محلوں کے نام عربی سے عبرانی میں تبدیل کر دئے ہیں وہیں بنیامین نتن یاہو نے قبلۂ اول کے جوار میں ایک ارب ڈالر کی لاگت کا داؤد ٹاور بنانے کا اعلان کیا ہے، اس اعلان کی تمام مسلم تنظیموں نے شدید مذمت کی ہے۔

No comments:

Post a Comment